139

عورت فساد کی جڑ

عنوان دیکھ کر آپ پریشان ہو گئے ہوں گے کہ میں نے کیا لکھ دیا۔ معزز قارئین! بہت سارے لوگوں کا نظریہ ہوتا ہے کہ عورت فساد کی جڑ ہے، یہاں پر میں تصیح کرنا چاہوں گی کہ عورت فساد کی نہیں بلکہ سکون کی جڑ ہے۔ یہ عورت وہ ذات ہے جسے قرآن نے عزت دی، دین نے رفعت دی، انبیا نے شہرت دی اور خدا نے عصمت دی۔ عورت نے معاشرے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے اور اب بھی کرتی آرہی ہے۔ حضرت زینب عالیہ،یہ وہ عورت ہے جس نے دربار یزید ہلا دیا، محترمہ فاطمہ علی جناح، یہ وہ عورت ہے جس نے ایک قطعہ ارض کو سر زمین پاکستان بنا دیا۔ آپ اپنے گھر میں عام عورت کی مثال لے لیجئے جو ہمت و حوصلے سے نہ جانے کتنی قربانیاں دے کر ایک گھر کو گھر بناتی ہے، یہ زندگی کو جنم دیتی ہے غرض زندگی کے ہر میدان میں یہ اپنا سکہ خود منواتی ہے، اس لیے تو جب یہ ماں کے روپ میں آئی تو اللہ نے قدموں تلے جنت بنادی، جب یہ بیٹی کے روپ میں آئی تو باپ کے لیے رحمت بنادی، جب یہ بہن کے روپ میں آئی تو بھائی کے لیے شفقت بنادی اور جب یہ بیوی کے روپ میں آئی تو عزت و راحت بنادی۔عورت کے بغیر ایک گھر خالی مکان تو ہو سکتا ہے مگر کبھی ایک گھر یا جنت نہیں ہو سکتا۔ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے۔ پھر چاہے وہ عورت ناکام ہو، کامیاب ہو یا پھر ناقص عقل۔ عورت کے بغیر ایک گھر تو کیا ایک معاشرہ بھی تشکیل نہیں ہو پاتا ۔معزز قارئین ! جنت محتاج ہے عورت کی، اللہ نے فرمایا۔ عورتوں کا احترام کرو۔عزت دیں اور پھر لیں کیونکہ یہی اصول زندگی ہے، یہی دستور بندگی ہے۔ علامہ اقبال نے کیا خوب فرمایا،
وجود زن سے ہے تصویرِ کائنات میں رنگ
اسی کے ساز سے ہے زندگی کا سوز دروں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں