Hens 22

باراتیوں پر ڈھول باجے کی تیز آواز سے مرغیوں کو ہلاک کرنے کا مقدمہ درج

بھارتی ریاست اوڑیسہ میں 63 مرغیوں کی ہلاکت کو مالک نے شادی کے ڈھول باجے اور تیز موسیقی کو قرار دیکر ایف آئی آر باراتیوں کے خلاف درج کرا دی۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق اوڑیسہ کے رہائشی رنجیت کمار پریڈا نے ایک انوکھی ایف آئی آر درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میری 63 مرغیاں مر گئی ہیں اور اس کی ذمہ دار گزشتہ شب ہونے والی شادی کی ایک تقریب ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ آدھی شب کو ڈھول باجے اور کان پھاڑ دینے والی موسیقی کے ساتھ ایک بارات پولٹری فارم کے قریب سے گزر رہی تھی جس کی آواز سے میری 63 مرغیاں ہلاک ہوگئیں۔

پولٹری فارم کے مالک کے مطابق میرے ڈاکٹر نے بتایا کہ موسیقی کی تیز دھمک کی وجہ سے مرغیوں کو دل کا دورہ پڑا جس پر میں نے بارات کے منتظمین سے نقصان پر معاوضہ مانگا اور نہ دینے پر ایف آئی آر درج کرائی ہے۔

پولیس نے پولٹری فارم کے مالک کی درخواست پر باراتیوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے تاہم ابھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں