153

کراچی میں کم عمر ٹک ٹاکرز نے ایڈونچر کیلئے شہری کو قتل کردیا

کراچی:ملیر سٹی میں کم عمر ٹک ٹاکرز نے ایڈونچر کیلئے شہری کو قتل کردیا۔

ٹک ٹاک کا شوق ایک اور شہری کی جان لے گیا، ملیر سٹی میں چند روز قبل شہری کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا جب کہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی تھی جس میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان کو فائرنگ کرتے دیکھا گیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کی عمریں 14 سے 15 برس کے درمیان ہیں، ملزمان ٹک ٹاکرز ہیں، ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے بتایا کہ انھوں نے ایڈونچر کے لیے فائرنگ کی تھی، وقوعہ کے وقت قمر رضا گھر کے باہر روڈ پر کھڑا ہوا تھا اور گولی اس کے پیٹ میں لگی تھی۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بھی شناخت کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضے اور نشاندہی پر واردات میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے، ملزمان کے دیگر دو ساتھیوں کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں جب کہ گرفتار ملزمان سے بھی مزید تحقیقات جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں