Bicho 168

مصر میں سیلاب کے بعد بچھوؤں کی یلغار، تین ہلاک اور 500 زخمی

قاہرہ: مصر میں اسوان کے علاقے میں شدید طوفانی بارشوں کے بعد بچھوؤں کی یلغار پر اب تک تین افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

اگرچہ اس علاقے میں زہریلے بچھوؤں کی بہتات ہے اور بارش کے بعد کے اکثر وہ رہائشی علاقوں کا رخ کرلیتے ہیں تاہم اس بار غیرمعمولی طوفانِ بادوباراں سے اس زہریلی مخلوق کے مسکن ٹوٹ گئے۔ پھر پانی کے ریلوں سے بچھو دوردراز علاقوں تک پہنچنے لگے اور وہاں موجود لوگوں پر حملہ کردیا۔

یہ واقعہ مصر کے تاریخی جنوبی شہر اسوان میں پیش آیا ہے۔ یہاں موجود دریائے نیل کے پاس جمعے کو شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ گرد چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنے لگیں اور سیلابی ریلوں نے بچھوؤں کو اپنے مسکن سے نکال کر دوردراز علاقوں تک پہنچادیا۔

اس طرح بچھو تیزی سے سامنے آنے لگے جن کے کاٹنے سے تین افراد ہلاک اور 4000 سے 5000 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جمعہ اور ہفتے کو یہ واقعات اپنے عروج پر تھے جب لوگوں کو بہت بڑی تعداد کو اسپتالوں میں لایا گیا۔

مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق گاؤں، دیہاتوں، ریگستانی قصبوں اور دیگر شہروں کے طبی مراکز میں بچھو زہرکا تریاق (اینٹی وینم) کی بڑی خوراکیں پہنچائی گئی ہیں۔ الاحرام نیوز ایجنسی کے مطابق ڈاکٹروں کو ڈیوٹی پر بلایا گیا ہے۔ محکمہ صحت نے لوگوں س کہا ہے کہ وہ بیابان، سبزے اور درختوں کے قریب نہ جائیں اور گھروں تک محدود رہیں۔

واضح رہے کہ مصر میں موٹی دم والا بچھو عام پایا جاتا ہے جو انتہائی مہلک زہر رکھتا ہے۔ اسی طرح ایک اور سیاہ بچھو بھی عام ہے جس کا کاٹا ایک گھنٹے میں جان لے سکتا ہے۔ بچھو کاٹنے کی صورت میں شدید جلن، جسمانی اینٹھن، چکر اور سانس میں دقت جیسی علامات پیدا ہوتی ہیں اور بروقت طبی امداد نہ ملنے پر متاثرہ مردوزن ہلاک ہوسکتے ہیں۔

مصر میں کسی بھی علامت سے قبل ہی بچھوکے ڈنک کے شکار لوگوں کو اینٹی وینم ویکسین لگائی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں