Vegetables and Oil 113

کھانے میں سبزیوں اور پودوں کے تیل کا استعمال فالج سے بچاتا ہے، تحقیق

ہارورڈ: امریکی سائنسدانوں نے ایک لاکھ سے زائد طبّی کارکنان کے روزمرہ غذائی معمولات اور عمومی صحت سے متعلق طویل مدتی اعداوشمار کا جائزہ لے کر بتایا ہے کہ پودوں سے حاصل کردہ تیل ہمیں فالج سے بچاتا ہے۔

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جن افراد کی روزمرہ غذا میں پودوں اور سبزیوں سے حاصل کی گئی چکنائی کی مقدار سب سے زیادہ تھی، ان میں 27 سال بعد بھی فالج کا خطرہ ایسے افراد سے 12 فیصد کم تھا جو جانوروں یا دوسرے ذرائع سے حاصل شدہ چکنائی استعمال کررہے تھے۔

اس کے برعکس گوشت اور حیوانی چکنائی (اینیمل فیٹ) کا سب سے زیادہ استعمال کرنے والوں میں فالج کا خطرہ، کم حیوانی چکنائی استعمال کرنے والوں کی نسبت 16 فیصد زیادہ دیکھا گیا۔

اس تحقیق کے مرکزی مصنف اور ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ میں پوسٹ ڈاکٹرل ریسرچ فیلو، فینگ لی وانگ کا مشورہ ہے کہ گوشت کی چکنائی کے بجائے زیتون، سویابین، مکئی اور دوسرے سبزیجاتی روغنیات (ویجیٹیبل آئلز) کی صحت بخش خصوصیات اس تحقیق سے ایک بار پھر نمایاں ہوئی ہیں۔

یہ تحقیق ’’امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن‘‘ کے آن لائن اجلاس میں ہفتے کے روز پیش کی جائے گی۔

البتہ، دیگر ماہرین ان نتائج سے متفق نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف غذا میں شامل چکنائی کی بنیاد پر بیماریوں کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ بہت سے دوسرے معمولات بھی ہماری صحت اور بیماریوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں