145

بھارتی خاتون کے پیٹ سے 11 کلوگرام وزنی رسولی برآمد

نئی دہلی:

بھارت میں ایک خاتون کے جسم سے ایک رسولی نکالی گئی ہے جس کا وزن 26 پونڈ یعنی قریباً 11 کلوگرام ہے۔

 ایک خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا تو ان کا پیٹ حاملہ خاتون کی مانند پھولا ہوا تھا بعد ازاں معلوم ہوا کہ یہ ان کی بیضہ دانی(اووری) تھی جو پھول کر ایک بہت بڑی رسولی کی شکل اختیار کرچکی تھی۔

اس غریب خاتون کا نام لیلا بائی بتایا جارہا ہے۔ ڈاکٹروں نے دو سال قبل ان کے جسم میں انگور کی جسامت کی ایک رسولی دریافت کی تھی اور آپریشن کا مشورہ دیا تھا تاہم خاتون تنگ دستی کی وجہ سے آپریشن نہ کراسکیں اور یوں رسولی بڑھتے بڑھتے کئی پونڈ وزنی ہوگئی۔

چند روز قبل لیلا بائی کو شدید تکلیف کی حالت میں اسپتال لایا گیا جو اورین سسٹ اینڈروما ٹیومر کی وجہ سے درد سے تڑپ رہی تھیں۔ انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں ڈیڑھ گھنٹے تک جاری آپریشن کے بعد 40 سینٹی میٹر لمبی رسولی نکال لی گئی جس کا وزن 11 کلوگرام سے کچھ زیادہ بتایا جارہا ہے۔

یہاں ڈاکٹر جیتندر پال سنگھ اور ڈاکٹر اندو سنگھ نے فوری طور پر ان کا آپریشن کیا اور رسولی برآمد کی۔ اس ٹیومر کی چوڑائی 16 انچ بتائی جارہی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ٹیومر پھٹنے کے قریب پہنچ چکا تھا جو لیلا بائی کے لیے موت کی وجہ بھی بن سکتا تھا۔ رسولی کو مزید آزمائش کے لے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں