142

چین کا امریکا کو اہم پیغام

بیجنگ: چین نے امریکا کو پیغام دیا ہے کہ وہ دنیا کے سامنے ہمارا بُرا تاثر پیش کرنا بند کرے۔

تفصیلات کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ ژی فینگ نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا کے سامنے چین کا بُرا تاثر پیش کرنا بند کرے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن چین کے دورے پر اتوار کو شہر تیانجن پہنچی تھیں، یہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کا چین میں پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے۔

اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو صحیح سمت میں لانا ہے، دنیا کی دو عالمی طاقتوں کے تعلقات سائبر سیکیورٹی سے لے کر انسانی حقوق تک کئی مسائل پر خراب ہو رہے ہیں۔

چین کے نائب وزیر خارجہ اور وینڈی شرمن کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد وزارت خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ممکنہ طور پر امید کی جا رہی ہوگی کہ چین کا بُرا تاثر پیش کر کے امریکا کسی طرح چین کو اپنے پیدا کردہ مسائل کا قصوروار ٹھہرایا جا سکتا ہے، لیکن ہم امریکا پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی انتہائی گمراہ کن ذہنیت اور خطرناک پالیسی کو تبدیل کرے۔

وزارت خارجہ چین نے دونوں ممالک کے تعلقات کو ’تعطل‘ اور ’سنگین مشکلات‘ سے دوچار قرار دیا ہے، ادھر اپنے دورہ چین کے دوران وینڈی شرمن چینی وزیر خارجہ وینگ یی سے بھی ملاقات کریں گی۔ امریکا نے گزشتہ ہفتے امید ظاہر کی تھی کہ ان مذاکرات کے ذریعے چین کو دکھایا جا سکے گا کہ ’ذمہ دارانہ اور صحت مندانہ مقابلہ کیسا ہوتا ہے‘ لیکن ایسا کرتے ہوئے ’تنازعے‘ سے بھی بچنا ہے۔

وینڈی شرمن اپنے دورے کے دوران بیجنگ نہیں جائیں گی، البتہ دو دن تیانجن میں گزاریں گی، جو کہ چین کا شمال مشرقی شہر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں