137

جہیز میں لڑکے کے والدین نے ایسی چیزیں مانگ لیں، جس سے لڑکی والے دنگ رہ گئے

مہاراشٹر: بھارت میں جہیز میں لڑکے کے والدین نے ایسی عجیب و غریب چیزیں مانگ لیں، جس سے لڑکی والے دنگ رہ گئے، مجبوراً لڑکی والوں نے پولیس کے پاس شکایت درج کرا دی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد میں دو خاندانوں کے درمیان ایک طے شدہ شادی کا معاملہ اس بات پر خراب ہو گیا، کہ لڑکے والوں کی جانب سے اچانک عجیب و غریب چیزوں کی فرمائش ہونے لگی۔

لڑکے کے والدین نے مطالبہ کیا کہ لڑکی والے جہیز کے طور پر 21 ناخنوں والا کچھوا اور مخصوص نسل کا سیاہ کتا بھی دیں۔

خیال رہے کہ ہر ماں باپ کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی بیٹی کا رشتہ اچھے خاندان میں طے ہو، اسی بات کے پیش نظر اورنگ آباد کے ایک کاروباری نے اپنی بیٹی کا رشتہ ناسک کے ایک ریٹائرڈ فوجی کے بیٹے سے طے کیا، اور 2 لاکھ روپے جہیز کی رقم اور ایک بُلیٹ موٹر سائیکل پر باہمی رضامندی ہوگئی۔

تاہم لڑکی کے والد کا الزام ہے کہ رشتہ طے ہونے کے بعد لڑکے والوں کی مانگ بڑھتی گئی، جس میں رقم کے علاوہ عجیب وغریب مطالبات شامل تھے، لڑکی کے والد کے دعوے کے مطابق لڑکے والوں نے جہیز میں 21 ناخنوں والا کچھوا اور مخصوص نسل کا کالا کتا بھی مانگ لیا۔

عجیب و غریب مطالبات سے پریشان ہو کر لڑکی والے پولیس اسٹیشن پہنچ گئے، اور انھوں نے عثمان پورہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرا دی، جس پر پولیس یہ تفتیش کر رہی ہے کہ ملزمان نے عجیب وغریب مطالبہ کیوں کیا؟ کہیں جادو ٹونا اس کی وجہ تو نہیں، یا پھر رشتہ طے نہ ہونے کی صورت میں لڑکی والوں کی طرف سے بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں